ذیقعدہ

ذیقعدہ اسلامی سال کاگیارہواں مہینہ ’’ذیقعدہ ‘‘شریف ہے ،اس کا شمار’’ چار حرمت والے مہینوں ‘‘میں ہوتاہے جن میں اہل عرب جنگ کرنا حرام سمجھتے تھے ۔’’ذیقعدہ ‘‘قعود سے بناہے جس کا معنی ’’بیٹھنا‘‘ہے چونکہ اس مہینے میں اہل عرب جنگ کرنے سے رک کربیٹھتے تھے اسلئے اس کانام ’’ذیقعدہ ‘‘پڑ گیا ،اس مہینے میں اللہ تعالیٰ نے حضرت سیدنا موسیٰ علیہ السلام سے’’ تورات ‘‘دینے کیلئے تیس (30)راتوں کاوعدہ فرمایا تھا ،اس کے علاوہ اسی ماہ کی پانچویں تاریخ کو حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور حضرت سیدنا اسماعیل علیہ السلام نے بیت اللہ شریف کی بنیاد رکھی تھی ۔اسی ماہ کی چودہ تاریخ کواللہ تعالیٰ نے حضرت سیدنا یونس علیہ السلام کومچھلی کے پیٹ سے نکالا تھا ۔ان وجوہات کی بناء پر ’’ذیقعدہ ‘‘کامہینہ اسلامی تاریخ میں بڑا قابل قدر تصور کیاجاتاہے ۔اس ماہ کی نفلی عبادت حسب ذیل ہے :۔ ذیقعدہ کی عبادا ت پہلی رات کے نوافل حدیث شریف میں ہے کہ جوکوئی ذیقعدہ کی پہلی رات میں چار رکعت نفل پڑھے اور اس کی ہررکعت میں ’’الحمد شریف ‘‘کے بعد 33مرتبہ ’’قل ھو اللہ احد ‘‘(سورہ اخلاص)پڑھے تو اس کیلئے جنت میں اللہ تعالیٰ ہزارمکان یاقوت سرخ کے بنائیگا اور ہر مکان میں جواہر کے تخت ہونگے اور ہر تخت کے اوپر ایک حور بیٹھی ہوگی جس کی پیشانی سورج سے زیادہ روشن ہوگی ۔ (رسالہ فضائل شہور) ہر رات میں دو(2)نفل ایک روایت میں ہے کہ جوآدمی اس مہینہ کی ہررات میں دورکعت نفل پڑھے اور ہررکعت میں ’’الحمد شریف ‘‘کے بعد ’’قل ھو اللہ احد‘‘تین (3)بار پڑھے تو اس کو ہر رات میں ایک شہید اور ایک حج کاثواب ملے گا ۔ (رسالہ فضائل شہور) ہر جمعہ کے نوافل ذیقعدہ کے مہینے میں ہر جمعہ کوبعد نماز جمعہ چار رکعت (4)نماز دو(2)سلام سے پڑھے اور ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ اخلاص اکیس اکیس (21)مرتبہ پڑھے ،اللہ پاک یہ نماز پڑھنے والے کو انشاء اللہ حج وعمرہ کاثواب عطافرمائیگا ۔ (رسالہ فضائل شہور) ایک دن کے روزے کا ثواب حدیث شریف میں ہے کہ جوشخص ذیقعدہ کے مہینہ میں ایک دن روزہ رکھتاہے تو اللہ کریم اس کے واسطے ہر ساعت میں ایک حج مقبول اور ایک غلام آزاد کرنے کا ثواب لکھنے کا حکم دیتاہے ۔(رسالہ فضائل شہور) ہزار سال کی عبادت کا ثواب ایک حدیث شریف میں ہے کہ اس مہینہ کے اندر ایک ساعت کی عبادت ہزار سال کی عبادت سے بہترہے اور فرمایا کہ اس مہینہ میں پیر کے دن روزہ رکھنا ہزار سال کی عبادت سے بہترہے ۔(رسالہ فضائل شہور)