گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف’’تحفظ ناموس رسالت‘‘ ریلی

مورخہ:25ستمبر 2012 بمقام : آستانہ عالیہ لاثانیہ سے چوک گھنٹہ گھرفیصل آباد زیر اہتمام : تنظیم مشائخ عظام پاکستان
زیر صدارت :حضرت صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکار صاحب(امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان )
شرکائے ریلی : بین المذاہب امن اتحاد پاکستان ،لاثانی ویلفےئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل،آل پاکستان صوم وصلوٰۃ کمیٹی اور ماہنامہ لاثانی انقلاب انٹرنیشنل کے مرکزی اراکین سمیت امیران حلقہ نے اپنے اپنے علاقوں سے قافلوں کی قیادت کرتے ہوئے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کی کاروائی : دنیا کی نام نہاد جمہوریت کی علمبردار امریکی ریاست کے پادری ٹیری جون نے سید الانبیاء حضور نبی کریم روف الرحیم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ فلم بناکر کروڑوں ،اربوں مسلمانوں کی نہ صرف دل آزاری کی بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی اورعالمی امن کے لئے جاری امن کاوشوں کوبھی شدید دھچکالگایاہے۔یہ عظیم الشان تحفظ ناموس رسالت ﷺ احتجاجی ریلی غلام رسول نگر سے فوارہ چوک،گیٹوں والا چوک،سلیمی چوک،جھال خانوآنہ،جی ٹی ایس چوک،ضلع کونسل ہال،پریس کلب سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ گھر پہنچی جہاں مقررین نے اس گستاخانہ فلم کوامن دشمن اورعالمی دہشت گردی کی امریکی سازش قرار دیا ۔اختتام پر سید الانبیا ء حضور نبی کریم روف الرحیم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ درودوسلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی گئی اورملک وملت کی سلامتی اورامت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
ریلی کا مقصد : تمام اسلامی ممالک کو یہ آگاہی دینا کہ وہ اپنے اپنے ممالک میں گستاخوں کیلئے سخت سے سخت قانون بناکران پرعمل درآمد کرائیں۔اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو ایسے شرپسند عناصر کیخلاف سخت قانونی کاروائی کرنے پر قائل کرناتاکہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکے۔اقوام عالم کویہ پیغام دینا کہ امریکی پادری عالمی دہشت گرد ہے اس شیطان صفت پادری کونشان عبرت بنایا جائے تاکہ پھر سے کوئی ایسی غلیظ حرکت نہ کرسکے اورعالمی امن کیلئے جاری کاوشوں کودھچکالگنے سے بچایا جاسکے۔
حضرت صدیقی لاثانی سرکارصاحب سمیت تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے کوارڈینیٹر ز اورمجلس شوریٰ کے اراکین کے خطاب:
حضرت صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکار صاحب (امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان)
آپ نے کہاکہ حکومت پاکستان تمام اسلامی ممالک سمیت پاکستان بھر سے مختلف مکاتب فکر کے جیدعلما ومشائخ کوبلاکر توہین رسالت ﷺ ،توہین انبیاء کرام ؑ ،توہین امہات المومنینؓ اورتوہین خلفائے راشدینؓکرنیوالے افراد ،گروہوں اور جماعتوں کیخلاف قانون سازی اورعمل درآمد کروانے کیساتھ ساتھ مغربی ممالک میں بھی اس کے نفاذ کویقینی بنانے میں موثر کردار اداکرے۔سیدالانبیاء ﷺ کی توہین کرنیوالے ملعون ،قاتل اور عالمی دہشت گرد ہیں ۔آج امت مسلمہ آقائے کل حضور نبی کریم روف الرحیم ﷺ کے اسوہ حسنہ سے دوری کی وجہ سے پوری دنیا میں رسوا ہورہی ہے۔اب بھی وقت ہے کہ اپنا تعلق اپنے آقا ﷺ سے مضبو ط کریں ۔
پیر احسان الحق نقشبندی (سیکرٹری نشرو اشاعت تنظیم مشائخ عظام )
نے کہا کہ عاشقان رسولﷺ کیلئے توہین رسالت ﷺ ناقابل برداشت ہے اس کاسختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے۔
پیر سید احمدندیم نقشبندی (ضلعی کوارڈینیٹر لاہور)
کہا کہ مسلم دنیا کے حکمران مغرب کیساتھ بامقصد مذاکرات کوفرو غ دیں تاکہ آنیوالے نسلوں کوامن وسلامتی کاپیغام دیا جاسکے۔
محمد ناصر علی گل نقشبندی (مرکزی رکن شعبہ تعلقات عامہ)
نے کہا کہ آقاﷺ کی سیرت وکردار کواپنا کرہی ہم اپنی زندگیوں میں حقیقی انقلاب برپا کرسکتے ہیں۔بیرون ممالک کیساتھ ساتھ اندرون ممالک سے بھی گستاخوں کاقلع قمع ہونا چاہیے۔
پیر لیاقت علی نقشبندی (ضلعی کوارڈینیٹر فیصل آباد )
نے کہا کہ اقوام متحدہ مذاہب عالم بالخصوص اسلام اور بانی اسلام ﷺ کی توہین کیخلاف سخت سے سخت قوانین بنائے تاکہ آئندہ کسی ملعون کوایسی ناپاک جسارت کرنے کی جرات نہ ہو۔
پیر مختار احمد نقشبندی(مرکزی رکن تنظیم مشائخ عظام پاکستان)
نے کہا کہ گستاخانہ فلم کھلم کھلا دہشت گردی ہے جس سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ۔ایسے دہشت گردوں کیخلاف دہشت گردانہ قوانین کے تحت سزادی جانی چاہیے۔
پیر مشتاق احمد نقشبندی(مرکزی رکن تنظیم مشائخ عظام پاکستان)
نے کہا کہ شرانگیز فلم انسانیت پر اس صدی کاسب سے بڑا حملہ ہے۔
محمد ریحان نقشبندی (مرکزی رکن مجلس شوریٰ )
نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے ذریعے مذاہب عالم کے درمیان نفرتوں کو کم کرکے امن کوفروغ دیا جاسکتاہے۔
نذیر حسین نقشبندی(مرکزی رکن مجلس شوریٰ )
نے کہا کہ اقوام متحدہ نے توہین رسالت ﷺ پر قانون سازی نہ کی تو دنیا کوتیسری عالمی جنگ سے نہیں بچایا جاسکے گا۔
پیر رانا محمد طاہر نقشبندی(مرکزی رکن تنظیم مشائخ عظام پاکستان)
نے کہاکہ حضور ﷺ سے عشق ومحبت سے ارضی وسماوی آفات وبلیات دورہوجاتی ہیں کیونکہ یہی تو وہ ہستی ہیں جن کے تصدق او رتوسل سے نظام حیات چل رہاہے۔

ناموسِ رسالت