شبیہہ مبارک سے جادوکے اثرات کا خاتمہ

عکس مبارک کی موجودگی میں کالا جادونہ ہو سکا

ایک دن حضرت لاثانی سرکارصاحب کا ایک مرید(فیصل آباد ) آستانہ عالیہ پر آیا اور اس نے بتایا کہ میں نے اپنے گھر کے ڈرائنگ روم میں اپنے پیرو مرشد لاثانی سرکار صاحب کی عکس مبارک لگا رکھی ہے۔ اسکی وجہ سے تصورِ شیخ میں آسانی ہو جاتی ہے اور ہم کئی گناہوں سے باز رہتے ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مرشد ہمیں دیکھ رہے ہیں۔ ایک دن میرا ایک عامل دوست میرے پاس آیا اور کہنے لگا! ’’میں کچھ مقاصد کیلئے عملیات کر رہا ہوں۔ میرے گھر میں کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں تنہائی میسر ہو اور میں وہ عمل کر سکوں۔ چونکہ تمہاری بیٹھک رات کے وقت تو فارغ ہی ہوتی ہے اسلیئے مجھے اجازت دو کہ چند دن کیلئے رات کو تمہارے اس کمرے میں آکر اپنا عمل کر لیا کروں۔‘‘ میں نے سوچا اس میں کوئی حرج نہیں اور اسے اجازت دیدی۔ وہ رات کے وقت میرے گھر آکر ڈرائنگ روم میں عمل کرنے لگا لیکن تیسرے ہی دن اس نے ہاتھ جوڑ کرمجھ سے کہا! ’’یا رخدا کیلئے تم اپنے مرشد کی تصویر کو یہاں سے ہٹا دو کیونکہ آج تیسرا دن ہو گیا میں جب بھی عمل کرنے کی کوشش کرنے لگتا ہوں تو اس تصویر میں سے ایسی شعاعیں نکلتی ہیں جو میرے عمل کو ناکام بنا دیتی ہیں۔ میں نے بہت کوشش کر کے دیکھ لی لیکن آج تیسرا دن ہو گیا ۔میرا کوئی عمل بھی کامیاب نہیں ہو سکا۔‘‘ (تب مجھے پتہ چلا کہ وہ کوئی کالا علم کرتا تھا اور میرے آقا تو انواِ ر ربانی کا مخزن ہیں اور کالا علم نرا اندھیرا ہے۔ نور کے سامنے ظلمت اور اندھیرا بھلا کہاں ٹھہر سکتا ہے)۔ بے شک! آپ تو گمراہی اندھیرے اور جہالت کو مٹانے والے ہیں یہی وجہ ہے کہ آپکی تصویر مبارک کے سامنے اس کے کسی بھی عمل نے کام نہ کیا۔ یہ تو تصویر کا عالم ہے جہاں آپ اپنے وجودِ اطہر کے ساتھ موجود ہوں، اس جگہ کی فضیلت کا عالم کیا ہوگا؟