23مارچ تجدید عہد کا دن ہے۔ صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار

ہمیں پاکستان کو پر امن ،خوشحال اور مستحکم کرنا ہو گا۔صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار شہدائے پاکستان اور افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔کانفرنس سے خطاب

فیصل آباد ( )تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئرفائونڈیشن کے چیئرمین قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی نے کہاکہ 23مارچ کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے آج کے دن ہمیں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ، حضرت علامہ اقبال اور تحریک پاکستان کے عظیم رہنمائوں اور کارکنوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کو اسلامی ،فلاحی اور جمہوری اور دہشت گردی و فرقہ واریت سے پاک ملک بنانے کی عملی جدوجہد کرنے کا عہد نو کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنی آنیوالی نسلوں کو ایک مستحکم ،خوشحال اور پر امن پاکستان دیں سکیں ، مرکزی سیکرٹریٹ پر یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان اللہ رب العزت کی خصوصی نظر رحمت اور بزرگان دین و تحریک پاکستان کے عظیم رہنمائوں کی شب وروز کوششوں سے معرض وجود آیا اس کی بنیاد کلمہ حق پر محیط ہے اور انشاء اللہ یہ ارض پاک قیامت تک قائم دائم رہے گی، وطن عزیزپاکستان کو اس وقت ان گنت اندرونی و بیرونی چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے ملک وقوم کے دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم لئے گھات لگائے بیٹھے ہیں لیکن الحمد اللہ ہماری نڈر اور دلیر افواج اور ہماری غیور عوام ان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد یگانگت پیدا کرتے ہوئے ہمہ وقت تیارہیں اور ان عناصر کا منہ توڑ جواب دینے پر برسرپیکار ہیں۔ آپ نے کہا کہ ہم شہدائے پاکستان اور افواج پاکستان کو ان کی عظیم قربانیوں پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تحریک پاکستان کے رہنمائوں،کارکنان اورشہداء کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے مرکزی سکرٹریٹ پر خصوصی طور فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیا گیاہے۔