تنظیم مشائخ عظام پاکستان( رجسٹرڈ)کی کارکردگی

: قیام امن کیلئے فرقہ واریت کاخاتمہ، زہریلے لٹریچر پر پابندی ،ضبطی اورمتعلقہ عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کرناسمیت متشدد عناصر کی سرگرمیوں پر تشویش کاعملی اظہار

(ماہ صفر اورماہ ربیع الاول شریف ) بمقام : لیاقت پور ضلع رحیم یارخان
زیر اہتمام : تنظیم مشائخ عظام پاکستان( حلقہ رحیم یارخان)،لاثانی ویلفےئر فاؤنڈیشن
زیر صدارت: حضرت صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکارصاحب (تنظیم مشائخ عظام پاکستان ،چےئرمین لاثانی ویلفےئرفاؤنڈیشن )
علاقہ جات : لاہور ،فیصل آبا د اوررحیم یارخان
منتظمین : ضلعی تنظیموں کے عہدیداران اورکارکنان
مہمانان گرامی : قاری دوست محمد سیالوی صاحب(تلاوت کلام پاک) ،جناب محمد اکمل نقشبندی اور ہمنوا(بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ عقیدت)، جناب علامہ ریاض احمد نوری صاحب (صدر جمیعت علماء پاکستان رحیم یار خان) ، جناب علامہ مولانا محمد اکرم اویسی صاحب ، جناب پیر طریقت الطاف حسین نقشبندی (ممبر مجلس شوریٰ تنظیم مشائخ عظام پاکستان) ، جناب پیر طریقت میاں محمد نوید الحسن حیات نقشبندی مجددی( آستانہ عالیہ حیاتیہ رحیم یا رخان) ، چوہدری رمضان شمع (ایڈووکیٹ ہائی کورٹ وسماجی کارکن) شامل تھے ۔
کارکردگی کی جائزہ رپورٹ: تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے زیر اہتمام مشائخ کانفرنس لاہور ، استحکام پاکستان مشائخ کانفرنس فیصل آباد اور مشائخ عظام امن کانفرنس لیاقت پور میں مشائخ عظام کے متفقہ اعلامیے کسی خاموش طوفان کی پیشگوئی کر رہے ہیں ۔ مشائخ عظام سے رابطہ مہم میں جتنی تیزی گزشتہ دو ماہ میں دیکھنے میں آئی وہ اس سے قبل نسبتاً سبک رفتار نہیں تھی ۔ امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان رجسٹرڈ جناب صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار صاحب مشائخ عظام کے درمیان ایسی شمع کی مثال ہیں جو طلوع سحر تک اندھیرے کا مقابلہ کرتے رہنے کی ہمت ٹوٹنے نہیں دیتی ہے ۔ گزشتہ چند سالوں سے مشائخ عظام جس طرح سے حکومتی اقدامات ، پالیسی سازی اور ریاست کی فکر ی و نظریاتی رہنمائی کر رہے ہیں اس کے نتیجہ میں معاملات میں سنجیدگی اورمستعدی کے عناصر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ جسے تمام سیاسی ، سماجی ، روحانی حلقے واضح طور پر محسوس کر رہے ہیں ۔ تنظیم مشائخ عظام پاکستان رجسٹرڈ نے مشائخ عظام کے ساتھ ساتھ مختلف مسالک کے علماء ، دیگر مذاہب کے راہنماؤں کے علاوہ مثبت سوچ رکھنے والے افراد کو خدمت خلق اور معاشرہ میں مثبت تبدیلیوں کے حوالے سے ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کا آغاز کیا تھا ۔خلوص نیت اور اخلاص سے کی گئی وہ محنت عنقریب ایک مشن کی صورت عیاں ہو گی ۔ تنظیم مشائخ عظام پاکستان رجسٹرڈ کے امیر اور دیگر مرکزی شوریٰ ممبران شب و روز کٹھن حالات کے باوجود انتھک محنت کر رہے ہیں ۔ اسی جدو جہد مسلسل کی ایک کڑی ’’مشائخ عظام امن کانفرنس رحیم یار خان ‘‘ تھی ۔ اس کانفرنس کا انعقاد تنظیم مشائخ عظام پاکستان رجسٹرڈ حلقہ ضلع رحیم یار خان نے کیا ۔ یاد رہے کہ یہ کانفرنس تنظیم کے ایجنڈا کا حصہ تھی جس میں مشائخ عظام کے اصول و موقف کو واضح کرنا اور ملک گیر رابطہ مہم کے حوالے سے تھی ۔سر زمین رحیم یار خان اس وقت ’’اللہ اللہ ‘‘ کے ذکر سے جھومنے لگی جب کانفرنس سے قبل امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان رجسٹرڈ جناب صدیقی لاثانی سرکار صاحب کی آمد پر سینکڑوں افراد اور مشائخ نے والہانہ استقبال کیا ۔ ضلع رحیم یار خان کے شاہراہیں ، چوک ، صدیقی لاثانی سرکار صاحب کی آمد پر خوش آمدید ی بینروں سے سماں اور بھی مسحور کن بن چکا تھا ۔ گرمی کی شدت میں کمی اور ہواؤں میں ٹھنڈک کا آجانا ماحول کو قدرے خوشگوار کر چکا تھا ۔
کانفرنسزکے مقاصد : قیام امن کیلئے فرقہ واریت کاخاتمہ، زہریلے لٹریچر پر پابندی ،ضبطی اورمتعلقہ عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کرناسمیت متشدد عناصر کی سرگرمیوں پر تشویش کاعملی اظہار
مقررین کے خطابات : جمیعت علماء پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے علامہ ریاض احمد نوری صاحب نے اتحاد و یگانگت کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی انہوں نے اتحاد امت اور عدل و انصاف کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے اعلامیہ لاہور پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا کہ آج معاشرہ کو ایسی ہی مئے حیات کی ضرورت ہے ۔ پیر طریقت میاں محمد نوید الحسن حیات صاحب نے قیام امن کیلئے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ مشائخ کا احیائے سنت اور فرقہ واریت کیلئے متحد ہو جانا اہمیت کا حامل ہے انہوں نے مشائخ عظام امن کانفرنس کے انعقاد پر امیر تنظیم جناب صدیقی لاثانی سرکار صاحب کو مبارکباد پیش کی اور نیک کاموں میں اپنی حمایت کا یقین دلایا ۔ پیر الطاف حسین نقشبندی صاحب نے شرکاء کانفرنس کے سامنے مشائخ کے متفقہ اعلامیہ لاہور پڑھ کر سنایا ۔ جس پر تمام مشائخ و علماء اور شرکاء کانفرنس نے مکمل اعتماد و معاونت اور حمایت کا اعلان کیا ۔ شرکاء نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر صدیقی لاثانی سرکار صاحب کی عملی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا ۔
جناب صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار صاحب (امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان )نے اپنے صدارتی خطبے میں کہاکہ معرفت و روحانیت کو اپنانے ، سمجھنے اور اولیاء اللہ کی محبت سے اللہ تبارک و تعالیٰ ذہنوں کو معتدل اور فکر سے تشد دپن جیسے مہلک اخلاقی امراض سے پاک کردیتا ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ فرقہ واریت کی تمام وجوہات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ اللہ و رسول ﷺ ، صحابہ کرامؓ اور مشائخ حق کی بارگاہ میں تعلق ولایت نہ ہونے کے باعث آج امت انتشار کا شکار ہے ۔آپ نے مزیدفرمایا کہ مشائخ نے اس عظیم کاوش کا عملی آغاز کر دیا ہوا ہے ۔ اللہ تبارک تعالیٰ اپنے فقراء کو مخلوق کے دلوں پر تصرف کرنے اور ان کے قلوب کو ذکر الہٰی سے منور کر دینے کا اختیار عطا فرماتا ہے ۔ اولیاء اللہ کی نگاہ کیمیا جو مظاہرہ کرتی ہے اگر حکمران ان احکام یزدانی پر عمل پیر ا ہو جائیں تو دنیا عمل کا گہوارہ بن سکتی ہے فقراء سے منسلک لوگ ہی حقیقی روحانی فکر سے بہرہ مند ہوتے ہیں ۔آپ نے مزید فرمایا کہ آئندہ وہی حکومت اور قیادت آئے گی جو اولیاء اللہ سے عقیدت رکھنے والی ہو گی ۔ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے۔ دین سے محبت کا تقاضہ ہے کہ ووٹ کا حق بھی اہل ، پرہیزگار اور مخلص افراد کیلئے ہی استعمال کریں ۔ آپ نے فرمایا کہ فرسودہ نظام اور روایات کو ہمیں ختم کرکے حقیقی معنوں میں ایسی اسلامی و روحانی اور سائنسی بنیادوں پر قوم کو لے کر آگے بڑھنا ہے پھر امن ہی امن ہو گا ۔ یہی خدائے بزرگ برتر کی رضا ہے ۔
مشائخ عظام کی مشترکہ پریس کانفرنس : کانفرنس کے اختتام پر مشائخ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، لوگوں کو درپیش مسائل کا جائز ہ لیا اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا ۔
لاثانی ویلفےئرفاؤنڈیشن کے ادارہ جات کا افتتاح بدست صدیقی لاثانی سرکارصاحب : کانفرنس کے اختتام پر لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن رجسٹرڈ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام قائم شدہ جامع مسجد صدیقیہ لاثانیہ رشید پارک کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر آپ نے خطاب میں کہا کہ مساجد دعوت و تبلیغ کا محور ہیں ان کا تقدس فرقہ وارانہ ذہن رکھنے والے افراد نے مجروح کر دیا ہے ۔ انشاء اللہ روحانیت کا یہ انقلاب اس فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا ۔ بعد از نماز مغرب اسی روز لاثانی کلینک وائرلیس پل کا افتتاح کیا گیا ۔ چیئر مین لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن رجسٹرڈ انٹرنیشنل جناب صدیقی لاثانی سرکار صاحب نے کلینک کا افتتاح اپنے دستِ مبارک سے کیا ۔ اس موقع پر سینکڑوں کمیونٹی ورکرز نے شرکت کی اور اس عظیم کار خیر پر صدیقی لاثانی سرکار صاحب کو مبارکباد پیش کی ۔ صدیقی لاثانی سرکار بہاولپور ڈویژن کے چار روزہ دورکے بعدلاہور تشریف لائے جہاں ہزاروں افراد نے آپ کا تاریخی استقبال کیا ۔

روحانی اجتماعات